JavaScript is required

کنڈر کٹس - (Kinder Kits) - اردو (Urdu)

2026 میں فنڈنگ لینے والے تین سالہ بچوں کے کنڈرگارٹن پروگرام میں داخل ہر بچہ کنڈر کٹ لینے کے لیے اہل ہے۔

گھرانوں کے لیے گائیڈ

آپ کی کنڈر کِٹ کے بارے میں معلومات

بچے کو کھیل میں مصروف کرنا اسے سیکھنے اور نشوونما میں مدد دینے کا بہت اچھا طریقہ ہے۔ والدین، کیئررز اور خاندان اس سفر کا سب سے اہم حصہ ہیں۔

کنڈر کِٹس میں کتابیں، تعلیمی کھلونے اور سرگرمیاں ہیں جن سے بچے اور ان کے گھر والے گھر میں لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

ہر کنڈر کِٹ میں خاص طور پر تین سال عمر کے بچوں کے لیے بنائی گئی چیزیں شامل ہیں۔

Illustration of three children playing. One is reading a book, one is colouring in, one is holding animal finger puppets.

وکٹورین چھوٹے بچوں کی تعلیم اور نشوونما کا فریم ورک

چھوٹے بچوں کے اساتذہ اور ایجوکیٹرز بچوں کو پھلنے پھولنے اور سیکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

کنڈرگارٹن پروگرامز بچوں کی تعلیم اور نشوونما میں رہنمائی لینے کے لیے وکٹورین ارلی ایئرز لرننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ فریم ورک (VEYLDF) استعمال کرتے ہیں۔

آپ کی کنڈر کِٹ میں موجود ہر چیز VEYLDF کے کسی ایک مطلوبہ نتیجے یا کئی نتائج سے وابستہ ہے۔

  • شناخت

  • تعلیم

  • کمیونٹی

  • کمیونیکیشن

  • خوش باش زندگی

بیک پیک

کنڈر کِٹ بیک پیک کو روزانہ چیزیں ساتھ لے جانے اور کھیلنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

آپ کا بچہ بیک پیک کے پیچھے گتے کے ٹیگ پر ڈرائنگ کر سکتا ہے تاکہ وہ اپنا بیک پیک پہچان سکے۔

بیک پیک کی زپ کھولیں اور ویلکرو ٹیبز کو نیچے چپکا دیں تاکہ فیلٹ والی سطح کو تخلیقی کھیل کے لیے استعمال کیا جا سکے۔

  • بیک پیک کے سٹریپس کو کسیں یا ڈھیلا کریں تاکہ بیگ آپ کے بچے کی کمر پر رہے۔

  • فیلٹ سٹیکرز سے ایک کہانی بنائیں۔

  • بچے کو نام والے ٹیگ پر ڈرائنگ کرنے کی ترغیب دیں۔

  • لکھنا سیکھنے کے لیے درکار صلاحیتوں کی مشق کریں۔

پڑھنا

پڑھنا گھر بھر کے اکٹھے وقت گزارنے کا ایک بہت اچھا طریقہ ہے۔ مل کر پڑھنا، سیکھنے کے اہم ترین طریقوں میں سے ایک طریقہ ہے۔

بچے کو باقاعدگی سے کہانیاں سنانا اس کے تخیّل اور ذخیرۂ الفاظ کو بڑھاتا ہے۔

  • مل کر کتاب منتخب کریں۔

  • کسی آرام دہ جگہ بیٹھ کر کہانی پڑھیں۔

  • بچے سے پوچھیں کہ کہانی میں آگے کیا ہو سکتا ہے۔

  • کرداروں کے مطابق آواز بدل بدل کر پڑھیں۔

ڈرائنگ کرنا اور نشانات بنانا

ڈرائنگ کرنے اور نشانات بنانے سے بچے کو اپنی تخلیقی قوت کا اظہار کرنے اور اعتماد پیدا کرنے کا موقع ملتا ہے۔ کاغذ پر مومی رنگوں سے تجربات کر کے بچے:

  • انگلیوں کے استعمال کی صلاحیت بڑھاتے ہیں جو لکھنا سیکھنے کے لیے اہم ہے

  • اپنے ہاتھوں اور آنکھوں کا ربط بہتر بناتے ہیں

  • رنگوں، شکلوں، پیٹرنز (سلسلوں) اور لکیروں کے متعلق سیکھتے ہیں

  • اپنی تخلیقی قوت کا اظہار کرتے ہیں

  • دوسروں کو اپنے خیالات بتاتے ہیں۔

  • اپنے بچے کو ڈرائنگ کا مزا لینے کی ترغیب دیں۔

  • ایسے سوالات پوچھیں جن کا جواب تفصیل سے دیا جا سکتا ہے تاکہ بچہ اپنی ڈرائنگ کے بارے میں بتائے۔

  • ان رنگوں اور شکلوں کے نام بتائیں جو آپ کو نظر آ رہے ہیں۔

تخلیقی سرگرمیاں

تخلیقی کھیل آپ کے بچے کی 5 حسوّں کو تحریک دیتے ہیں یعنی - دیکھنا، سونگھنا، سننا، چھونا اور چکھنا۔ یہ اپنے گردوپیش کی دنیا میں دریافتیں کرنے اور اس کے متعلق سیکھنے کا دلچسپ طریقہ ہے۔

  • بلاکس کا مینار بناتے ہوئے حوصلہ بلند رکھنے کی مشق کریں۔ اگر مینار گر جائے تو آپ کا بچہ 3 گہرے سانس لینے کے بعد پھر سے کوشش کر سکتا ہے۔

  • پلے ڈو کو ہتھیلیوں سے رول کریں پھر اس سے دوسری شکلیں بنائیں، اسے چپٹا کریں، دبائیں۔

  • اپنے بچے کو دکھائیں کہ بار بار کوشش کرنے میں کوئی حرج نہیں تاکہ اس کا حوصلہ بڑھے۔ اگر بلاکس گر جائیں تو چند گہری سانسیں لیں اور مل کر دوبارہ بلاکس جوڑیں۔

کھلی جگہوں پر کھیل

کسی بڑے کی نگرانی میں کھلی جگہ پر کھیلنا بچے کے بڑھنے، نشوونما پانے اور خوش و خرم رہنے کے لیے اہم ہے۔

بچے:

  • فطرت کا مشاہدہ کر کے بچے میں سائنس کی سمجھ کو بڑھائیں

  • خودمختاری کا احساس حاصل کریں

  • دوسرے بچوں کے ساتھ سماجی واسطہ بنا سکتے ہیں

  • کھیلتے ہوئے دریافتیں کریں اور اچھے فیصلے کرنا سیکھیں

  • پورے جسم کی حرکت، ہاتھوں اور آنکھوں کے ربط، انگلیوں کے استعمال اور تخلیقی صلاحیتوں میں بہتر بن سکتے ہیں۔

  • پتوں کے متعلق باتیں کریں اور مختلف رنگوں اور شکلوں کو نام دیں۔

  • مل کر بیج بوئیں۔

  • فطرت کے ساتھ تعلق بنائیں ماحول کے تحفظ کے متعلق باتیں کریں۔

  • ریت کے قلعے بنائیں۔

ڈراما کھیلنا

ڈراما کھیلنے سے بچوں کو تصورّاتی کہانیوں کو ڈرامائی شکل دینے اور دوسرے کرداروں کی عکاسی کرنے کی ترغیب ملتی ہے۔

بچے ڈرامے کے کھیل کو زبان اور سماجی تعلقات کے لیے اہم صلاحیتوں کی مشق کے لیے استعمال کرتے ہیں جن میں یہ شامل ہیں:

  • نئی دنیائیں دریافت کرنا اور تخلیق دینا

  • دوسروں کو اپنی چیزوں میں شریک کرنا اور باریاں لینا

  • ایک دوسرے کے ساتھ واسطے اور بات چیت کے ذریعے سمجھوتے کرنے کے طریقے۔

  • انگلش اور دوسری زبانوں میں جانوروں کے نام بتائیں۔

  • کردار تخلیق کریں۔

  • کہانیاں گھڑیں۔

  • جذبات اور مختلف احساسات کے بارے میں سیکھنے اور ان کے اظہار کے لیے جانوروں کو استعمال کریں۔

گیمز

گھر والوں اور دوستوں کے ساتھ گیمز کھیلنا بچے کی سماجی صلاحیتوں کو فروغ دینے کا عمدہ طریقہ ہے۔

گیمز سے بچوں کو حساب، زبان اور مسائل حل کرنے کی صلاحیتیں حاصل ہوتی ہیں۔

  • گیم کے اصول سیکھیں اور باریاں لینے کی مشق کریں۔

  • مسائل حل کرنے اور یادداشت کی صلاحیتوں کو مضبوط بنائیں۔

  • ہندسوں کے متعلق بات کریں اور چیزوں کو گننے کی مشق کریں۔

دوسروں سے تعلق بنانا

بچے کھیل کے ذریعے ہی خود کو اور اپنے ارد گرد موجود دنیا کو دریافت کرتے ہیں اور اس بارے میں سیکھتے ہیں۔ بچوں کے لیے پڑھائی اور کھیل کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔ کنڈر کِٹ میں موجود چیزوں سے آپ کو انسانی تنوّع اور مختلف تہذیبوں کے متعلق بات چیت کرنے میں مدد ملتی ہے۔

  • اپنے بچے سے دوسرے ممالک اور وہاں کے مقامی جانوروں کے بارے میں بات کریں۔

  • دنیا کا نقشہ دیکھ کر معلوم کریں کہ مختلف زبانیں کن علاقوں کی اصل زبانیں ہیں۔

شناخت کا احترام

بچوں کو سب تہذیبوں کے بارے میں سیکھنے کی ترغیب دے کر آپ افہام و تفہیم، دوسروں کو قبول کرنے اور فخر کو فروغ دے سکتے ہیں۔ ایبوریجنل اور ٹورس سٹریٹ آئی لینڈر تہذیبیں اور یہاں وکٹوریہ میں Koorie تہذیبیں آج بھی زندہ اور پھلتی پھولتی ہوئی تہذیبیں ہیں۔ ہمیں فخر ہے کہ ہماری کِٹس میں یہ مصنفین اور آرٹسٹوں کی حیثیت سے شامل ہیں۔

یہاں کچھ سرگرمیاں بتائی جا رہی ہیں جن سے آپ کے بچے کو Koorie روایات اور تہذیبوں کا علم بڑھانے میں مدد ملے گی:

  • چیزوں یا جانوروں کے لیے Koorie علامات سیکھیں

  • Koorie تہذیبوں، رہنماؤں اور ہیروز کے متعلق سیکھیں اور بات کریں

  • دھرتی کے اقرار کی اہمیت معلوم کریں

Auslan میں کتابیں

Auslan اشاروں کی زبان ہے جو وکٹوریہ کے چھوٹے بچوں کے لینگوئج پروگرام میں استعمال کی جاتی ہے۔ یہ پروگرام کچھ کنڈرگارٹنز میں دستیاب ہے۔

بچوں کے لیے چھوٹی عمر سے ہی ایک اور بھی زبان سیکھنے کے بہت سے فوائد ہیں جن میں یہ شامل ہیں:

  • پڑھنا اور لکھنا سیکھنے کے لیے درکار صلاحیتوں میں اضافہ

  • لچکدار سوچ کی بہتر صلاحیت

  • زیادہ خود اعتمادی اور اچھی کیفیت

  • اپنی تہذیبی شناخت کا قوی احساس۔

2026 Kinder Kit میں شامل بہت سی کتابوں کا Auslan میں ترجمہ دستیاب ہے۔

  • Auslan میں جذبات کا اظہار کریں۔

  • Auslan میں ہیلو کہیں۔

بچوں کی حفاظت، اچھی کیفیت اور اضافی مدد

بچوں کی حفاظت اور اچھی کیفیت سے بڑھ کر کوئی چیز اہم نہیں۔ اپنی سروس سے پوچھیں کہ وہ بچوں کو کیسے محفوظ رکھتے ہیں۔

تمام بچے مختلف طریقوں سے اور اپنی رفتار سے سیکھتے ہیں۔ اگر آپ کو کوئی تشویش ہو تو چھوٹے بچوں کے استاد سے بات کریں۔

اگر آپ یا آپ کے بچے کو مزید مدد کی ضرورت ہو تو مندرجہ ذیل ذرائع سے مدد مل سکتی ہے:

  • اپنے سوالات پر بات کرنے کے لیے اپنے ڈاکٹر یا زچہ و بچہ کی صحت کی نرس سے ملنے کے لیے اپائنٹمنٹ بک کریں۔

  • جن وکٹورین خاندانوں میں نوزائیدہ بچوں سے لے کر 6 سال عمر تک کے بچے ہیں، وہ میٹرنل اینڈ چائلڈ ہیلتھ لائن 29 22 13 پر دن رات 24 گھنٹے، ہفتے کے ساتوں دن، کال کر سکتے ہیں۔

چھوٹے بچوں کی تدریس کے کیریئرز

وکٹوریہ کے بڑھتے ہوئے کنڈرگارٹن سیکٹر میں کیریئر بنانے پر غور کریں۔ آپ کو چھوٹے بچوں کا استاد یا ایجوکیٹر بننے میں مدد دینے کے لیے یہ سہولیات مہیا ہیں:

  • تعلیم کے مختلف لچکدار انتظامات

  • خطیر سکالرشپس

  • مالی فوائد۔

Illustration of two children sitting on the floor playing with blocks while two adults talk, speech bubble from one adult with text


اپنی کنڈر کٹ عطیہ کرنا

جب آپ کا بچہ کنڈر کٹ کی سرگرمیاں مکمل کر لے تو براہ کرم ان چیزوں کو ذمہ دارانہ انداز میں تلف کر دیں۔

اگر چیزیں اچھی حالت میں ہوں تو انہیں کسی خیراتی ادارے کو عطیہ کرنے پر غور کریں۔ خود سے یہ پوچھیں 'کیا میں یہ کسی دوست کو دیتا/دیتی؟' اگر جواب ہاں ہے تو انہیں خیراتی ادارے کو دینا مناسب ہے۔

اگر آپ کی چیزیں عطیے کے طور پر مناسب نہ ہوں تو براہ کرم انہیں حتی الوسع ری سائیکل کر دیں۔

کوڑے کو کم کرنا اور مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانا وکٹوریہ کو صاف اور ہرا بھرا رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

Updated